Saturday, May 13, 2017

میرا یہاں کون ہے؟

میرا یہاں کون ہے؟
کیوں میں یہاں آکر بس گئی ہوں؟ میرا یہاں کون ہے؟
کہتے ہیں عورت کا کوئی گھر نہیں ہوتا
سچ تو یہ ہے کہ عورت کا کچھ بھی نہیں ہوتا 
کوئی اپنا نہیں ہوتا
جو پیدا کرکے اس دنیا میں لاتے ہیں وہ خود دل پہ پتھر رکھ کر کسی کی ڈولی میں ڈال دیتے ہیں
ماں باپ کو ہمیشہ کیلیے پرایا کردو ہمیشہ کیلئے بھول جاؤ 
کیوں بھول جاؤں؟ کیوں پرایا کردوں ؟ 
جن کا نام سارا دن پکارتے تھے جو ہماری شکلیں دیکھ کر جیتے تھے 
اٌن سے ملنے کیلئے دن گننے پڑتے ہیں اجازتیں مانگنی پڑتی ہیں 
شادی کے بعد روز روز ماں باپ سے ملنا دنیا کا دستور نہیں
کیا ے تمہاری دنیا کا دستور؟ 
کسی کے دل کے ٹکڑے کو چھین لاؤ ،اپنا بناؤ 
اور اسکے اپنوں کو پرایا کردو؟
سسرال کیا ہوتا ہے آخر 
یہ عورت کی عزت ہوتا ہے اٌسکی چار دیواری ہوتا ہے 
مگر اس امتحان پر پورا اٌتر کر تو دکھاؤ 
کوئی ایک غلطی کرکے تو دکھاؤ 
ہر وقت آپکی ہر بات کو یہاں تولا جاتا ہے  پرکھا جاتا ہے 
آپ کی زبان سے نکالے ہر لفظ پر کڑی نظر رکھی جاتی ہے
ارے تمہارے سسرال والے تو بہت اچھے ہیں
اچھے ہیں مگر کیا یہ اچھا ئی نیچرل ہے
کیا یہ اچھائی ہم عورتوں کے سر پر احسان نہیں 
کیا ہر پل اس بات کا اٌنہیں گمان نہیں کہ ہم اسکے ساتھ اچھے ہیں
کیا اب تم ہنستی کھیلتی نہیں 
کیا اب تم قہقہے مارتی نہیں 
ہاں میں یہ سب کرتی ہوں 
خود کو دبا دینے کیلئے خود کو بھول جانے کیلئے 
تم کنفیوز ہو ، تم کمزور ہو تم لاپرواہ ہو 
تم اچھی ماں نہیں 
ہاں میں اچھی ماں نہیں 
اور اگر میں ماں نہ ہوتی 
تو پھر میرا کون ہوتا
اگر میرا کوئی ہوتا تو کیا ماں نہ بننے پہ وہ مجھے طلاق دیتا؟
اگر یہاں میرا کوئی ہوتا تو کیا میری ساری جوانی محبت خلوص ایثار کے بدلے
مجھے کوئی سوتن لاکر دیتا 
مگر یہی تمہاری دنیا کا دستور ہے
وہ عورت جسکی اولاد نہ ہو اسکا کوئی نہیں ہوتا 
مگر میری اولاد تو تھی مگر کیا تمہارا بیٹا تھا؟
بیٹے کی خاطر مجھ سے بیٹیوں کی لائن لگوانے والے 
کیا یہ سب میرے اپنے ہیں؟۔۔
میں نے کمر باندھ لی بیٹیوں کا بوجھ اٌٹھانا ہے
باپ نے بیٹے کی خاطر دوسری شادی کرلی ہے 
مجھے دن رات محنت کرنی ہے بچوں کے ساتھ تعلیم حاصل کرنی ہے 
مگر میرا کوئی اپنا ہوتا تو کیا مجھے یہ دن دیکھنے پڑتے؟
جب شادی کے دس سال بعد اولاد نہ ہونے پر اٌس نے مجھے واپس بھیجا تھا
جاؤ اپنے اپنوں کے پاس چلی جاؤ بانجھ عورت 
تو تم کون تھے جسے میں اپنا سمجھتی آئی تھی 
تم میرے اپنے نہیں تھے؟
نہیں اپنی تو تمہاری ماں تھی تمہارا باپ تھا جو تمہیں بانجھ ہونے کے باوجود 
گلے سے لگا لیتے
مگر میرے وہ اپنے تو ایڑیاں رگڑ کر مر گئے دس سال اور جی لیتے
اگر اٌنکی کوئی خدمت کرلیتا مگر میں روز روز اٌنکی خدمت کو کیسے جاتی 
یہ دنیا کا دستور نہیں تھا میرے بہن بھائی سب اپنے اپنے گھر بسا چکے ہیں
میرے تو دو ہی اپنے تھے مگر تمہارے ماتھے کے شکن دیکھ کر میں نے اٌن اپنوں کو چھوڑ دیا 
یہاں سب رشتے قانونی ہیں 
رشتے توخون کے ہوتے ہیں دل کے کونسے رشتے؟
جن کے پاس ایک نرم محبت کرنے والا دل نہ ہو اٌن کے ساتھ کیسے رشتے
اگر کوئی میرا اپنا ہوتا تو کیا وہ باربار مجھے حمل گرانے کی گولیاں کھلا کھلا کر میری جان لیتا؟؟
کیا اگر وہ میرا اپنا ہوتا تو میرے دنیا سے جانے کے کچھ ہی دن بعد دوسری شادی کرلیتا؟ 
جسکی پسند کے کھانے پکا پکا کے میرے ہاتھوں میں چھالے پڑے اگر وہ میرا ہوتا
تو کیا میرے مرنے پر اٌسکی آنکھ ایک آنسو بھی نہ گرا ہوتا
میرا کوئی بھی نہیں تھا
مجھ سے نفرت کرنے والی ماؤں نفرت کرنا نہ چھوڑنا 
تمہاری بیٹیوں کو بھی نفرت کرنے والی مائیں ملتی رہے گے 
میں بھی اپنی کسی بیٹی سے نفرت کرتی رہوں گی
میری بیٹی سے بھی کوئی ماں نفرت کرتی رہے گی
ہم سب عورتیں مل کر نفرت نفرت کھیلتی رہیں گی
ہم کبھی اپنے دل بڑے نہیں کریں گی ہم اپنی خود دشمن بنتی رہیں گی
ہمارا کوئی نہیں بن پائے گاوو ہمارا کوئی نہیں ہے
جو میرے ہیں نہیں مگر جنہیں میں اپنا سمجھتی رہی ہوں 
وہ میرا دل توڑتے رہیں گے 
کیا کبھی وہ میرا دل جوڑ سکتے ہیں؟
کیا کبھی وہ خود میری طرف مٌڑ کر دیکھیں گے؟
نہیں دیکھیں گے
یہ میرا رونا نہیں ہے یہ میرا دکھڑا نہیں ہے 
یہ ایک عورت کا رونا ہے ایک عورت کا دکھڑا ہے 
جسے دھوکہ دیا جاتا ہے جسے فریب دیا جاتا ہے
اپنی ماں سے کبھی فون پہ بات نہ کرنا شادی کے بعد 
کبھی جو وہ تمہارے گھر آجائے تو اٌس سے بات نہ کرنے لگ جانا 
بلکہ گھر کے کاموں میں لگی رہنا اٌنہیں یہ احساس دلانا کہ اٌنہوں نے یہاں آکر تمہیں تنگ کیا
تبھی گھر بستے ہیں ، مائیں ہی گھر اٌجاڑتی ہیں
کونسا گھر؟ عورت کا کونسا گھر ہوتا ہے؟
کل مدرز ڈے منایا جائے گا مگر کیا ہم کبھی سچ بولے گے سچ سٌنے گے
لکھنے والوں جھوٹ لکھتے رہنا بولنے والوں جھوٹ بولتے رہنا 
میں کتنی ماؤں کو مرتے دیکھا ہے 
اگر اٌنہیں مرنا ہی تھا تو شاید خوشی خوشی مر جاتی 
مگر ماں یہی بولتی رہتی ہے تو اپنے گھر جا اپنے بچوں کو پال 
تیری فکر کون کرے گا ماں تجھے کون روٹی دے گا؟
تو میری فکر نہ کر تیرا بندہ بھوکا بیٹھا ہوگا تو اٌسے سنبھال
مگر کچھ دن بعد پتہ چلتا ہے کہ ماں ٹھیک نہیں تھی وہ تو جھوٹ بولتی تھی 
اگر ٹھیک ہوتی تو آج زندہ نہ ہوتی مگر تو مجھے پرائے لوگوں میں جھونکتی رہی ماں
رات کے تین بجے میری آنکھ کھولی تھی اور مجھے احساس ہوا تھا کہ تو نہیں ہے ماں
یہاں کوئی نہیں ہے میں نے تجھے بہت آوازیں دی تھی میں بہت چیخی امی امی امی
امی تم نے مجھے کہاں چھوڑدیاہے؟
یہاں میرا کوئی نہیں ہے صرف تم میری اپنی تھی 
مگر اب میرے کانوں میں کچھ سارا دن ماں ماں کی آوازیں آتی رہتی ہیں
میں خود ماں ہوں اور مجھے بھی اب ان کیلئے ویسی ماں بننا ہے جیسی تم میرے لیے بنی