Sunday, September 23, 2012

Disqualification


محبت کا آغاز المیے سے ہوتا ہے۔ وہ کیا چیز ہے جس سے محبت کا آغاز ہوتا ہے؟ لوگوں کے ساتھ ایسا  بھی ہوتا ہوگا کہ وصل دیکھا پھر جدائی آگئی مگر میرے نصیب میں عدم تھا اور عدم سے پھوٹتی دکھوں کی نہر ، محبت کی نہر ،محبت کی پہلی سیڑھی ہی دکھ کی سیڑھی تھی نہ کوئی ہنسی نہ خوشی ،محبت آئی بھی تو دکھ کا نام بن کر، میری بازو پہ پہلی چوڑی غم کی چڑھی ،دوسری دکھ کی، تیسری تکلیف کی، چوتھی درد کی پانچویں اذیت کی ،بس یہ دکھ ،درد ،تکلیف ،غم اور اذیت بن کر جو آئی تھی اس کا نام محبت تھا ۔سارا دن عجیب سوچوں میں گزارا جاتا تھا برتن دُھل رہے ہیں دماغ میں وہی کیفیت ، ہاتھ آٹا گوندھ رہے ہیں اور دل صلیب پر چڑھایا جارہا ہے اور اُس سے خون کی ندیاں بہہ رہی ہیں ۔کچھ کھانے کو دل نہیں کرتا تھا سارا دن سوگ میں گزرتا، شادیوں پر جاتی تو میری تصویریں ایسی آتیں کہ گمان ہو کسی ماتم کا حصہ بن رہی ہوں اور پھر کالی اندھیری رات آجاتی اور صرف ایک "رونے دھونے" کا عمل ہوتا۔ دماغ ایسے جکڑ جاتا جیسے پورے دماغ میں ریشہ بھر گیا ہو نہ کوئی آواز نکلتی نہ آہ نہ سسکی مگر آنسوؤں کی ٹرین رواں ہوجاتی قطار در قطار بہتی جاتی، تھمنے کا نام ہی نہیں لیتی،آنسوؤں کی قطاریں سانپ بن کر پورے منہ پر رینگنے لگتے آنسوؤں کی کوئی لڑی ناک میں جاتی، کوئی ہونٹوں سے ہوتی منہ میں جانے کا راستہ بناتی یہاں تک کہ زبان اگر ہونٹوں کو چھو جاتی تو نمکین ہوجاتی مگر جسم اتنا مریل ہوجاتا کہ آنسو نہ پونچھتا اپنے ہاتھوں سے اپنے آنسو نہیں پونچھے جاتے ہوں گے ، ایسا ہی انسان کی جبلتّ کا قانون ہوگا کیونکہ اُس وقت تمام شعور پر جبّلت ہی طاری رہتی اندر خانے سے کہیں زور کی چیخوں کی آواز بھی آتی مگر اُسکی گونج اندر ہی گھومتی رہی جہاں مُنہ دھرا ہوتا وہاں تکیے کا پورا غلافآنسوؤں سے تر ہوجاتا پھر ناجانے کب اشکوں کی لہر نیند میں اُترتی اور پھر وہی صبح وہی رات وہی انتظار کی چکّی پِستی ۔
یہ سلسلہ اپنی شدت اختیار کرتا جارہا تھا درد اپنی تمام حدود پار کرتا جارہا تھا کسی بھی لمحے دماغ کی کوئی شریان پھٹ سکتی تھی ساری ساری رات تکیے کے غلاف بھگونے کی وجہ سے سر اور آنکھیں شدید درد کا شکار ہوچُکیں تھیں یہاں تک کے درد پورے چہرے تک پھیل چکا تھا ناک کی ہڈی سے درد گالوں کی طرف پھیل جاتا اور زندگی میں آگے کچھ نظر نہیں آرہا تھا سوائے ایک پہاڑ جیسی زندگی جس میں قدم  قدم پر میری روح کو روندے جانا تھا اتنا دکھ میرے لئے انتظار میں کھڑا تھا لوگوں کے لئے جو سب خوشی کی باتیں ہوتیں ہوں گی میرے لئے ڈراؤنے خواب کی آغوش تھی جسم کا درد برداشت ہوجاتا ہوگا مگر جب روح درد اور تکلیف کا شکار ہوجائے تو؟ چھٹکارا کہاں تھا ؟ کیا اس کرب سے چھٹکارے کا کوئی راستہ موجود بھی تھا ؟
کیا میں چھٹکارا پانا چاہتی تھی؟ ہاں! میں دیکھنا چاہتی تھی کہ کیا اس کے علاوہ بھی اب مجھے کچھ محسوس ہوسکتا ہوگا کوئی آزادی جو اس کرب سے چھٹکارا دِلا سکے پھر ایک دن کچھ لوگ مجھ سے ملنے آئے اُنہوں نے پوچھا کیا وارث شاہ کے مزار پر جاتی رہی ہو؟ میں نے ہاں میں جواب دیا۔ ایسا کرو اب ایک بار پھر ہو آؤ۔ کیا معلوم تمہاری حالت دیکھ کر کچھ ترس آجائے مگر اُس وقت جانا جب وہاں دور دور تک کوئی نہ ہو ایسے عوامل سب کے سامنے حل نہیں ہوسکتے۔ میں نے پوچھا کس وقت؟ جواب مِلا "رات کے تین بجے"
:رات کے تین بجے؟ اور وہ بھی وارث شاہ کے مزار پر وہاں مجھے کون لے کر جائے گا؟
"لے کر کوئی نہیں جائے گا پہنچا دی جاؤ گی ، جاؤ اب انتظار کرو"
یہ گہری اندھیری رات تھی اماوّس کی راتوں جیسی باہر صرف درخت اور اندھیرا تھا اور میں مزار کے اندر۔ یہ میرا روز محبت کے کرب میں رونے کا وقت ہوا کرتا تھا میرے بےتہاشا آنسو بہہ رہے تھے ،باہر گھپ اندھیرا اور بنا چاند کے رات ہی تھی مگر مزار میں سب صاف نظر آرہا تھا ۔
 کیا یہاں سکون اور آزادی مل سکتی تھی؟
 اب غیر ارادی افعال کا سلسلہ شروع ہوگیا ،میں سر سے پاؤں تک سفید لباس میں لپٹی ہوئی تھی وارث شاہ کی قبر بھی وہ دن والے مزار والی قبر نہیں تھی جو سفید سنگِ مرمر سے ڈھکی ہوتی ہے یہ تو بس قبر تھی مگر سفید چادر سے ڈھکی تھی میں زار و قطار روئی جارہی تھی پھر نہ جانے مجھے کیا ہوا میں قبر کی طرف بڑھی اور اپنی دونوں لمبی بازویئں پھیلا کر قبر کو چمٹ گئی آج تک میں بغیر آواز کے ہی روتی آئی تھی روتے ہوئے مجھے ایسا محسوس ہوتا تھا جیسے میرے جبڑوں کو لقویٰ مار گیا ہے مگر آج میرے رونے میں اتنی شدت آگئی کہ میں زور زور سے چیخیں مارنے لگی اور آنسو تھے روکتے نہ تھے میں روتی جارہی تھی چیخیں مار رہی تھیں انتہائی درد ناک اور کرب ناک چیخیں ،جنہیں کوئی بھی سُن کر برداشت نہ کر پائے ۔ناجانے یہ چیخیں کہاں سے نکل رہیں تھیں؟ پھر ایک دم کچھ عجیب سا ہوا مجھے قبر پر جھکے ہوئے یہ خیال دل میں آیا کہ اب یہ انتہا ہوگئی ہے اب اور اس سے آگے یہ سلسلہ کہاں ٹھہرے گا؟ میں نے دعا کی "یا اللہ یہ میری روح واپس لے لیجیے یہ تو بڑی تکلیف دہ ہے اِسے واپس بُلا لیں اس سے آزادی دِلا دیں" اور مزید زور زور سے کرب ناک چیخیں مارنے لگی پھر ایک دم جیسے میرے پاؤں سے زمین نکل گئی یہ کیا تھا ؟ وہ ساکت قبر جس سے لپٹ کر میں رو رہی تھی وہ قبر زور زور سے ہلنا شروع ہوگئی میں نے سر اُٹھا کر دیواروں کو دیکھا سب ساکت تھیں مگر میرے ہاتھوں اور بازوں کے حصار میں پڑی قبر زور زور سے ہل رہی تھی میں ڈر کے مار پیچھے جالیوں والی دیوار کی طرف بھاگی اور اُسی وقت خوف سے بےہوش ہوگئی ۔
قبر والا جاگ چُکا تھا اور قبر کے دو دربان بھی حاضر تھے ،
پہلا درباری: وارث جی ہم معافی چاہتے ہیں ہمیں کیا پتہ تھا کہ یہ لڑکی کتنی بڑی مصیبت ہے جس نے آپکو قبروں میں سے اُٹھا دینا ہے۔
دوسرا درباری: وارث جی خدا کتنا رحیم ہے کتنا سخی ہے جب دینے پر آتا ہے تو اس جیسیوں ،لاغروں اور حقیروں کو کیسی کیسی روحیں نواز دیتا ہے اور اسکی ناشکری کا عالم دیکھیے۔ کہ اپنی روح واپس کروارہی ہے۔
وارث شاہ: خدا کے بندوں کی کسی بھی وقت کوئی بھی دعا پوری ہوسکتی ہے ہمارا کام تو صرف دستخط کرنا ہے حُکم تو اُوپر سے صادر ہوچکا ہے ہم نے وہی آگے پہنچا دینا ہے۔
پہلا درباری: کیا آپ سچ میں دستخط کردیں گے ؟
وارث شاہ:  خدا کا جو حکم ہوا ہے اُسی پر عمل کیا جائے گا یہ تو بس اظہار کا در سمجھ کر یہاں آئی تھی کچھ مانگنے نہیں آئی تھی نہ ہی ہم دینے والے ہیں توبہ! توبہ! ہم بھلا کسی کو کیا دے سکتے ہیں ، اسکے اور خدا کے درمیان کا معاملہ ہے اس نے اظہار کردیا اوپر سے حکم آگیا ہم نے تو صرف ڈاکیے کی طرح اسکا پیغام اسکے ہاتھوں میں پہنچا دینا ہے ، کیا کبھی کسی ڈاکیے نے خود چٹھی کے اندر موجود پیغام  لکھا ہے؟ کیا کبھی کسی ڈاکیے کا اپنا حکم چلا ہے کہ خط میں کیا ہو اور کیا نہ ہو؟ مگر کیا کبھی ڈاکیے کے بغیر چِٹھی وصول کرنے والے تک پہنچی ہے؟؟ ہمارا کام تو بس اِسکو حکم پہنچا دینا ہے ، حُکم جو "حاکم" کی طرف سے آچکا ہے۔ ہم تو ذریعہ ہیں محض۔
پہلا درباری: کیا روح واپس بُلا لی جائے گی؟
وارث شاہ: نہیں اِسے چھوڑ دے گی بس، روح آزاد کردی جائیں گی ایسے جیسے کوئی گیس والا غبارہ اُڑتا ہے بے یارومددگار ، اپنے مالک کی گرفت سے دور ویسے، مگر آزاد روحوں کو خطرہ ہے کہ کہیں شیطان کے چنگل میں نہ پھنس جایئں پھر تو اُن کا نکلنا بہت مشکل ہوسکتا ہے۔ مگر اس نے خود دعا کی ہے خدا دعاؤں کو سُننے والا ہے اِس کی روح آزاد ہوئی۔
دوسرا درباری: اس لڑکی کی حرکتیں بھی تو دیکھیں کوئی ایسا "پِٹ پٹیا" کرتاہے بھلا؟ اس نے تو اپنا رونا کبھی ختم کرنا ہی نہ تھا اسے ایسے ہی چھٹکارا ملنا چاہیے تھا ، بیوقوف ساچھوٹا انسان ہے یہ۔
وارث شاہ: بس خدا کی رنگ رنگ کی مخلوق ہے ، ہم دستخط کئے دیتے ہیں یہ اسکا letter   disqualification   ہے اِسے محبت جیسی شے سےDisqualify  کیا جاتا ہے اسکے لئے یہی حکم نامہ مِلا ہے ہمیں ۔
میں ہلکا ہلکا ہوش میں آرہی تھی میرے ہاتھ میں میرا disqualification letter موجود تھا ،مجھے کانوں میں ہلکی ہلکی آواز بھی آرہی تھی "دیکھو بی بی ویسے تو آپ پڑھنا لکھنا جانتی ہیں مگر یہ خط آپ خود پڑھنے کے قابل نہیں ہے اسلئے ہم آپکو آپکی  زبان میں بتا رہے ہیں، ہم اس دربار کے درباری ہیں آپ کے لیئے محبت سے disqualification   کا حکم ہے ۔ وارث شاہ جی نے دستخط  بھی کردیئے ہیں اب آپ بالکل آزاد ہیں اب آپ کی جگہ براعظم یورپ ، ملک انگلستان ، شہر لندن کے Queen Mary University میں پڑھنے والی ایک لڑکی کو qualify  کردیا گیا ہے اب وہ محبت کرے گی آپ کی جگہ آپ نہیں ، آپ بالکل آزاد ہوئی آپ پر اب آج سے کوئی بوجھ نہیں ۔
دن چڑھے جب میری آنکھ کھلی تو میرے دماغ میں رات کی ساری کہانی اور اُس درباری کے تمام الفاظ گونج رہے تھے مجھے اپنا آپ اتنا ہلکا محسوس ہوا کہ غالباً میں ہوا میں معلق تھی تمام درد غایب ہوچکے تھے مجھے سب کچھ نیا نیا محسوس ہورہا تھا میرے اندر کوئی چیز دھمال ڈال رہی تھی مجھے لگا جیسے مجھے کسی اعزاز سے نواز دیا گیا ہے میں نے قبولیت میں سرشار ہوکر فیصلہ قبول کرلیا ،یہی حُکم ہے اب میری اپنی مرضی تھوڑی ہے یہ! کرنے دو وہ لندن والی انگریز میم کو محبت وہ کرسکتی ہوگی یہاں کیا ہونی تھی ۔ مگر اب میں اس "محبت" نام کو اپنے ہونٹوں پر نہیں سجا سکتی تھی مجھے جو خود کرنے کا حُکم نہیں ہے اُسے کسی دوسرے کو کیسے تبلیغ دے سکتی تھی ۔دیکھ دیکھ کر، دھیان سے زندگی گزارنی پڑتی ہے جس میں اِسکا نام نہ آتا ہو یہ نام ہی تو تھا پہلے بھی شائد ایک نام کے زندگی کے نکل جانے سے آزادی مل گئی تھی اب برسوں بیت گئے ہیں میں کبھی کِسی امتحان میں فیل نہیں ہوئی سوائے محبت کے۔ اُس رات میں نے انجانے میں اپنے ایک ایک دکھ کی چوڑی بھی روتے ہوئے قبر پر مار مار کر توڑ دی تھی اب بس سکون تھا اور ہے ، آپ مجھ سے پوچھ لیجیے محبت کیا ہوتی ہے؟میں اسکی سو برایئاں یا اچھایئاں بیان کردوں گی مگر یہ کبھی مت پوچھئے گا میرے لئے محبت کیا ہے کیونکہ  میری خشک آنکھوں میں جنہوں  نے اب سالوں سے کبھی اب ایک آنسو کی بوند نہیں دیکھی میری دل نے جو پتھر کی سختی کو بھی مات دے چُکا ہے اسکا کوئی جواب نہیں دینا ،بھلا کسی کو یہ کہتے ہوئے اچھا لگتا ہے؟ میں کیا بتاؤں میرے لئے محبت وہ ہے جس میں مجھے disqualify  ہی کردیا گیا ۔ اور میں یہ بھی نہیں پوچھ سکتی دُکھی سا منہ بنا کہ "مجھے کیوں disqualify کیا ؟


(بلاگ پر میرا پہلا افسانہ)
فریحہ فاروق

Wednesday, September 5, 2012

مراقبہ

ماریہ جو میری دوست ہے اور میری ہر پوسٹ میں اُسکا ذکر بھی موجود ہوتا ہی ہے وہ میرے مسئلوں کا حل تلاش کرتی رہتی ہے اُس نے مجھے مراقبے کا مشورہ دیا ہے ،مراقبہ کیا ہوتا ہے؟ اُسکی چند تفصیلات سے اُس نے مجھے آگاہ کیا اور ایک کتاب بھی  recommend  کردی جو یقینی طور پر میں نے ابھی تک نہیں پڑھی مگر ماریہ کی باتوں سے معلوم ہوا ہے کہ مراقبہ کرنے کے لئے concentration  یعنی دھیان لگانا پڑتا ہے کسی ایک نام یا نقطے پر دھیان لگا لو اور دنیا کی تمام تر دوسری سوچوں سے خود کو آزاد کرلو پھر کہیں جو ایک پُرسکون اور ٹینشن سے نجات کا ایک لمحہ بھی مل جائے تو سمجھو مراقبہ ہوگیا 


پہلی بات تو یہ کہ میں مراقبے کے موضوع کے بارے میں چِٹی ان پڑھ ہوں اور یہ سب ماریہ نے بتایا ہے اُسکے الفاظ ہیں یہ مراقبے کے بارے میں، میرا دوسرا مسئلہ یہ ہے کہ میں بھی اُن لوگوں میں سے ہوں جنہیں کبھی اپنی سوچ پر قابو نہیں رہا یہ اتنی آزاد ہے کہ مجھے سمجھ نہیں آتی کہ کوئی اتنا بھی آزاد ہو تو کیا بات ہے ۔مجھے تو یہ بہت مشکل سا کام لگا کہ کچھ نہ سوچو سارے خیالِ غیر دل و دماغ سے نکال کر مراقبہ کرلو کیونکہ یہ میرے لئے ایسے ہی ہے جیسے کوئی involuntary     کام کو voluntary  سرانجام دینا ۔

ماریہ نے کہا کوشش کرو کئی دن لگی رہو آہستہ آہستہ کامیابی مل جائے گی اس سے پہلے بھی میں نے سانس کی مشقوں میں پھیپھڑے گِھسانے کی کوششیں کی ہیں مگر افکار اور پریشان ہوتے گئے آخر اُن سے منہ پھیر لیا مُشقت سے میرا اینٹ وٹے کا بیر رہا ہے مگر میرے میں ایک عادت ہے یا یوں کہیں ہم سب میں ایک عادت ہوتی ہے کہ جو چیز بڑی ناممکن محسوس ہو اُسے فوری طور پر خدا کے دربار میں پُہنچا دیتے ہیں کہ کوئی مدد کردیجئے کوئی کرشمہ ہوجائے۔


آج کل لاہور میں موسم بہت عجب ہے سارا دن بادل برستے ہیں شام کو پورا آسمان بادلوں کا بسیرا بن جاتا ہے پھر رات کو ایسی اوس برستی ہے کہ سردیوں کا گمان ہوتا ہے یہی کوئی تین دن پہلے کی بات ہے شام کے وقت مغرب کی اذان سے آدھ گھنٹا پہلے کا وقت تھا مگر سورج کا نام و نشان نہیں تھا پورے آسمان پر نیلے سفید گلابی اور نارنجی رنگ کے عجیب و غریب بادل پھیلے تھے مجھے ویسے بھی بادل دیکھنے کا شوق ہے میں چارپائی پر بیٹھ کر آسمان دیکھ رہی تھی کہ ایک دم بادل اوپر اُٹھتے محسوس ہوئے اُونچے اور اُونچے وہ درحقیقت وہ اپنی جگہ پر ہی موجود تھے مگر میں نے نوٹس کیا کہ بہت زیادہ دیر تک بادلوں کو غور سے دیکھنے سے وہ اب زیادہ دور محسوس ہونے لگے تھے چیزوں کو بہت زیادہ دیر غور سے دیکھا جائے تو وہ اتنی اُونچی ہو جاتی ہوں گی ؟ یا دھیان لگانے سے ہی کسی کی اصل اُونچائی کا احساس ہوتا ہوگا .

پھر کچھ منٹ بہت غور سے دیکھنے پر معلوم ہوا کہ ارؔے یہ کیا ہے؟ پرندے جو بادلوں کے سامنے سے گزر رہے تھے یہ پرندے اتنی اونچی پرواز کررہے تھے کہ بہت دیر تک لگاتار آسمان کو دیکھتے رہنے پر انکا احساس ہوا ورنہ جلدی جلدی میں ایک نظر ڈالی اور ہٹا لی تو پھر یہ کبھی نظر نہ آتے پرندوں کی قطاریں passive flight  کرتی ہوئی مغرب رُخ آسمان میں نہ جانے کہاں گم ہوتی جاتی اور نئے پرندے آجاتے.
 موسم اتنا اچھا نہیں تھا بارش کے باٰعث تھوڑا حبس بھی ہوگیا تھا مگر موسم کا آسمان کے جلوے سے کوئی تعلق محسوس نہ ہوا ، اورنج ،ہلکے گلابی اور ہلکے آسمانی رنگ کے بادلوں کا ایک ایسا عجیب pattern  بنا تھا جس کو صرف دیکھا ہی جاسکتا ہوگا میں نے محسوس کیا ایسا pattern  تو کبھی کسی لان کے سوٹ پر نہیں دیکھا جاسکتا کسی بیڈشیٹ پر نہیں کسی پینٹنگ پر بھی نہیں یہ انسان کے بس کی بات نہیں کہ کچھ ایسا عجیب و حسین آرٹ کا نمونہ تیار کرلے ۔صرف تین چیزیں سامنے پھیلی تھیں وسعت ، رنگ اور pattern  جو اس اونچائی پر تھی کہ ساری دنیا بہت چھوٹی معلوم ہورہی تھی .یہ زمین کے عزت بے عزتی کے کھیل، یہ رنج و غم کی بازیاں، یہ کچھ ہونے کا یا نہ ہونے کا ڈر کتنا نیچے تھا اور بادل کتنے اُونچے تھے , سورج بالکل نظر نہیں آرہا تھا مگر ہر لمحے گھٹتی ہوئی روشنی سے اس بات کا احساس دے رہا تھا کہ میں بادلوں کے پیچھے سے نیچے گر رہاہوں ابھی مجھے کوئی کیچ کرلے گا اور مشرق میں دھکیل دے گا یہاں وہ نقطہ تھا جسے ماریہ مراقبہ کہتی ہے یہی مراقبہ ہوتا ہوگا جس نقطے پر دھیان دینا تھا آنکھیں گاڑھے رکھنی تھی ایسا دھیان جو کوئی سوچ کوئی فکر کوئی آواز توڑ نہ پائے وہ سکون جہاں سے کبھی لوٹنے کی ضرورت پیش نہ آئے ۔ ایسی نہج کے بادل ایسے خوبصورت رنگ اور pattern  پرندوں کی آزاد اُونچی اُڑانیں اس سے زیادہ خوبصورت بھلا کیا ہوسکتا تھا کایئنات میں؟

اچانک پھر وہ آگیا ! شمال سے تیرتا ہوا بہت اُونچی پرواز کرتا ہوا ہوائی جہاز ،دن کے وقت ہوائی جہاز کی لایئٹیں بند ہوتی ہیں اور رات کے وقت صرف لایئٹیں نظٰر آتی ہیں اور ہوائی جہاز نہیں، یہ کومن سینس کی بات ہے مگر یہاں بھی منظر کچھ عجیب تھا جہاز کی ساری لائیٹیں بھی چل رہی تھیں اور جہاز بھی صاف نظر آرہا تھا ۔چونکہ مغرب کا وقت تھا اسلئے جہاز کی لایئٹیں روشن تھیں مگر جہاز ہلکی نارنجی روشنی میں صاف نظر آرہا تھا ایسے جیسے کوئی بچوں کا کھلونا ہوتا ہے اب وہ کھلونا تیزی سے مغرب کے بادلوں کی سمت سفر کررہا پھر کیا ہوا ایک لمحے کو جہاز نظر آتا اور دوسرے لمحے بادلوں کی اُوٹ میں چھپ جاتا پھر صاف آسمان والے حصے میں آتا اور پھر بادلوں والے حصے میں چھپ جاتا ایسے چھپتے دِکھتے جہاز مغرب کے سورج کی طرح بالکل غایب ہوگیا۔

 واؤ واؤ میرے اندر کے انسان نے تالیاں بجایئں انسان کی عظمت پر رشک کیا مجھے ایسے محسوس ہوا جیسے ہوائی جہاز بس ایسے مناظر میں آسمان کی بلندیوں پر گھومنے والا ایک کھلونا ہوتا ہے جو آتا ہے اور مراقبے کا منظر مکمل کردیتا ہے سب جیت گئے انسان کی بھی جے جے ہوئی منظر مکمل ہوگیا جہاز کے اندر بیٹھے خوش نصیبوں کو معلوم ہوگا وہ کیسے نقطے میں سے گُزرے ہیں ؟ ہاں ضرور ہوگا ،یہ  سارا منظر دیکھنا مراقبہ ہوتا ہے ، مجھے یہ نہیں معلوم کہ نصابی اور درسی مراقبہ کیسا ہوتا ہے مگر یہ ہی مراقبہ ہوتا ہے جو انسان کو سب بھُلا دے مگر پھر بھی عظمتوں میں دھکیل دے جو یہ احساس ختم کردے کہ کچھ غلط ہوا ہے سب چھوٹی باتیں چھوٹی ہی محسوس ہونے لگے اور بڑائی اور اُونچائی اپنا منتر پھونکنے لگتی ہے یہی مرقبہ ہوتا ہے . ہونا تو ایسا ہی چاہیے
(فریحہ فاروق)
یہ ہمارے مغرب کی تصویر ہے مگر اُس دن کی نہیں ہے 
یہ ہمارے مغرب کی تصویر ہے مگر اُس دن کی نہیں ہے